قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہےکہ ہم خاموشی کے ساتھ اپنے کام میں لگے رہیں گے جب کہ ملزمان کو سزا دینا عدلیہ کا کام ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ ہم پہلے نیب کی اور اپنی اصلاح کررہے ہیں، قوم نے ہمیں جو ذمہ داری دی ہے اس کو پورا کریں گے، متاثرین کی مدد کے لیے نئی پالیسی بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے لیکن کرپشن کیسز میں ریکوریز بڑھ رہی ہیں، نیب افسران کم سے کم وقت میں کیسز نمٹائیں، میرا وعدہ ہے کہ نیب کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلائیں گے۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل مقصد کرپشن اور وائٹ کالر جرائم کا خاتمہ ہے اور اس ضمن میں ہماری کوششوں کے نتائج کچھ عرصے بعد نظرآجائیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ ہم خندہ پیشانی سے نکتہ چینی برداشت کریں گے اور ہم خاموشی کے ساتھ اپنے کام میں لگے رہیں گے، ملزمان کو سزا دینا عدلیہ کا کام ہے۔