فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر فرانس کے لیے اسلام آباد سے پیرس روانہ ہو گئے۔دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے دورہ فرانس کے دوران 22 سے 23 جون تک منعقد ہونے والے گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سربراہی اجلاس رہنماؤں کو ایک نئے عالمی طرزِ تعمیر کی صورت پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو پائیدار ترقی، ماحولیات، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے ایجنڈے کی مالی اعانت کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
بیان کے مطابق سربراہی اجلاس کا مقصد آئندہ 2 سال کے دوران دیگر اہم بین الاقوامی تقریبات اور کانفرنسز کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی نظام کی جامع اصلاحات کے لیے درکار اصولوں اور اقدامات کی وضاحت کرنا، شمال اور جنوب کے درمیان زیادہ متوازن اور منصفانہ شراکت داری کی راہ ہموار کرنا ہے۔
PM @CMShehbaz leaves for a two-day official visit to France at invitation of President @EmmanuelMacron #RadioPakistan https://t.co/PFFPeTNSBP pic.twitter.com/xMZ38ly8pn
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) June 21, 2023
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان عالمی مباحثے میں ایک سرکردہ اسٹیک ہولڈر، جی۔ 77 اینڈ چائنا میں ایک رہنما اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے سب سے بڑے ترقی پذیر ممالک میں سے ایک کی حیثیت سے سربراہی اجلاس میں ہونے والی بحث میں حصہ لے گا۔
وزیراعظم بحث کے دوران عالمی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی فنانس، گرین انفرااسٹرکچر، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور قرضوں سے متعلق حل کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر اور تجاویز پیش کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔