وفاقی وزارتِ داخلہ نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کی فول پروف سیکیورٹی برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس گلزار احمد سے سیکیورٹی واپس نہیں لی جا رہی، چیف جسٹس کا عہدہ رکھتے وقت جو سیکیورٹی انہیں ملی تھی وہ برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے وفاقی وزارتِ داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی وزارتِ داخلہ کو یہ خط 27 جنوری کو لکھا گیا تھا۔
خط کے متن میں درخواست کی گئی تھی کہ جسٹس گلزار احمد اور ان کے اہلِ خانہ کو بطور چیف جسٹس حاصل سیکیورٹی برقرار رکھی جائے۔
خط کے متن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل، اقلیتوں کے حقوق اور تجاوزات سمیت کئی حساس اور ہائی پروفائل مقدمات کے فیصلے کیے۔