چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ایک بارپھر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
عمران خان نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں 8 جولائی کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 8 جولائی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیا۔
ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دینےکی درخواست مستردکی تھی جس کے بعد 4 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرنےکا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا اور ٹرائل کورٹ کو عمران خان کے وکیل کے دلائل پر دوبارہ فیصلہ کرنےکا حکم دے دیا۔
عدالت نے فیصلہ سنایا کہ ٹرائل کورٹ 7 دن میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرے۔دوسری جانب عمران خان نے توشہ خانہ کیس ٹرائل کورٹ بھیجنے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔