وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے لاہور میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں میں چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اب روپیہ اور ڈالر آسمان اور زمین پر نہیں جا رہے، اس میں اب استحکام آرہا ہے، اسی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپیہ کہاں اور ڈالر کا ریٹ کہاں ہوتا اور ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی۔
وزیر اعظم نےکہا کہ جن لوگوں نے شیطانی چرخہ چلایا، جو ملک کے خلاف سازش میں ملوث تھے، ان کی سازشیں، ان کے سمندر پار تانے بانے ناکام ہوئے، چند روز قبل اسرائیل کا پاکستان کے خلاف بیان آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں ہے، یہ بہت چیلنجگ پروگرام ہے، اگر ہم نے معاشی اصلاحات کیں، انقلابی اقدامات اٹھا کر، جرات مندانہ فیصلے کرکے آگے بڑھے تو پاکستان کی معاشی ترقی آپ کے قدم چومے گی، اس کی ذمے داری مجھ سمیت ملک کی اشرافیہ کے اوپر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو پانامہ کے مقابلے میں اقامہ میں سزا دی گئی، کسی نے نواز شریف کی شنوائی نہیں کی کہ کتنا ظلم کیا جا رہا ہے کہ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں ہے اسے نا اہل کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم باصلاحیت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر کم سود والے قرض کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں ان کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم آج سیالکوٹ کا دورہ بھی کریں گے، جہاں بھی وہ لیپ ٹاپس اسکیم کی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیرِ اعظم تقریب میں ہونہار اور قابل طلبہ میں وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپس بھی تقسیم کریں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔