راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہےکہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔
علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہےکہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانےکی ہدایات کی گئی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے بھی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاونز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔