وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جب بھی انتخابات ہوں گے نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کرے گی۔ جمعہ کو یہاں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پوری نگران کابینہ حلف کے تحت آئین و قانون کے مطابق فرائض انجام دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے عزم سے آگاہ کیا تاکہ آزادانہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ان کی چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہیں ملک میں آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں معاونت اور ضروری تقرر و تبادلوں کے لئے الیکشن کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے عزم سے آگاہ کیا
تاکہ آزادانہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر ان کے بعد کابینہ کے ارکان ڈالیں گے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق ملک کو عوام کے منتخب نمائندے چلائیں گے جبکہ نگران حکومت آئندہ انتخابات تک ملک کے معاملات چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں جاری معاشی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع نہ کرے
۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ ہم پٹرولیم مصنوعات زائد قیمتوں پر خرید کر کم قیمتوں پر فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے حکومت اشیاءپر سبسڈی نہیں دے سکتی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی مذہب، رنگ یا ذات کے نام پر انہیں نشانہ بنانے کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے اقلیتوں کو خصوصی حقوق دیئے ہیں، جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ عوام کا ملک ہے اور یہاں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں انسانی حقوق حاصل ہیں۔جڑانوالہ واقعہ پر سب نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے معاشرے میں پھیلی انتہاءپسندی، تنگ نظری اور عدم بردداشت کے سدباب کے لئے ملک میں صوفی ازم کے فروغ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نگران وزیراعظم نے ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھی زور دیا۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غربت اور مہنگائی ایک حقیقت ہیں، اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، یہ بھی حقیقت ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی ہوئی ہے۔انہوں نے میڈیا کو یقین دلایا کہ حکومت قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لئے اپنے اخراجات میں کمی کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے، حکومت اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف جاری قانونی مقدمات کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں، حکومت ان مقدمات میں فریق نہیں، متعلقہ ادارے قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ مستقبل میں جڑانوالہ جیسے واقعات سے بچنے کے لئے میڈیا اور تعلیمی اداروں کو معاشرے میں رواداری اور ہم آہنگی کوفروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت سمیت ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیشت کے استحکام اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران کابینہ صرف 16 ارکان پر مشتمل ہے جس میں مشیر اور معاونین خصوصی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے بیشتر ارکان نے اپنے اپنے شعبوں کی نمائندگی کی ہے اور امید ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے اپنی قابلیت کا ثبوت دیں گے۔مرتضیٰ سولنگی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نگران حکومت میڈیا پر کسی قسم کی سینسر شپ پر یقین نہیں رکھتی، ملک میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی بھی موجود تھے۔قبل ازیننگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کی سابق رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب راولپنڈی ملاقا ت
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی جمعہ کو راولپنڈی میں سابق رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر گئے اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب سے ملاقات کی۔سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نگراں وزیر اطلاعات بننے پر مرتضیٰ سولنگی کو مبارک پیش کی اور دعا کی کہ آپ اس قومی ذمہ داری میں سرخرو ہوں۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مریم اورنگزیب کے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر نے مریم اورنگزیب کو 16 ماہ میں وزارت اطلاعات کو بہترین انداز سے چلانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023ءکی شاندار قانون سازی آپ کے جمہوری مزاج اور مشاورت کے ہنر کا کمال ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے کارکردگی کا جو معیار قائم کیا، کوشش ہوگی اس کا تسلسل جاری رکھ سکوں۔نگران وزیر اطلاعات نے مریم اورنگزیب سے ملک کی مجموعی صورتحال اور وزارت اطلاعات و نشریات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں آمد پر مریم اورنگزیب نے اپنی والدہ طاہرہ اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ مرتضیٰ سولنگی کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا