پاکستان میں کسی ایک امیدوار کی حمایت نہیں کرتے ،امریکہ

واشنگٹن(سی این پی)امریکی محکمہ کے خارجہ ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں آزادانہ انتخابات پرزوردیتا ہے لیکن کسی ایک سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔

گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کی معمول کی نیوز بریفنگ میں اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کی پاکستان میں الیکشن کمیشن کے سربراہ سے ملاقات سے متعلق سوال پوچھنے پر انہوں نے صحافی کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے رابطہ کرنے مشورہ دیا۔

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے بارے میں مخصوص تبصرے کیلئے سفارت خانے سے رجوع کروں گا۔ لیکن میں اس بات کا اعادہ کروں گا جو میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ امریکا پاکستان میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے کوئی موقف اختیار نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت یا کسی امیدوار کی حمایت نہیں کرتے۔ لیکن یقینا پاکستان میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات پر زور دیتے ہیں، جیسا کہ ہم پوری دنیا میں کرتے ہیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 24 اگست کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی جس سے قبل الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا تھا۔افغانستان میں ڈالر کی شرح پاکستان میں ڈالر کی شرح سے چار گنا زیادہ ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے متعدد مواقع پر ان اصلاحات کی حمایت کے بارے میں بات کی ہے جو پاکستان میں معیشت کی بہتری کی اجازت دیں گی، اور ایسا کرنا جاری رکھیں گے۔