عمران خان کو جیل میں دیسی چکن ،مٹن اور پھل فروٹ کی فراہمی :پی ٹی آئی نے79 ہزار جمع کرادیئے

اسلام آباد(سی این پی)ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو جیل میں دیسی چکن کی فراہمی کے لئے ان کے اکاونٹ میں 79ہزار روپے جمع کروادیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق بطور قیدی عمران خان کے اکاونٹ میں پہلے 50 ہزاراورپھر 29 ہزار روپے جمع کروائے گئے جو کل 79 ہزار روہے بنتے ہیں۔یہ رقم پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل جیل حکام نے عمران خان کے ساتھ کھانے کا مینیو طے کیاہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں صبح ناشتے میں 2 انڈے، روٹی اور ساتھ دہی لازمی دیا جائے۔دوپہر اوررات کے وقت انہیں چپاتی کے ساتھ مختلف دالیں اور سبزیاں دی جاتی ہیں۔عمران خان کی فرمائش پر انہیں دیسی گھی میں بنا چکن اور مٹن بھی دیا جاتا ہے جس کا خرچ وہ خود اٹھاتے ہیں۔اس سے قبل اٹارنی جنرل کی جانب سے عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق 28 اگست کو سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانے والی رپورٹ کا عکس سامنے آیا تھا۔