پٹرولیم اضافہ،ریلو ے اورٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیئے

لاہور (سی این پی ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ریلوے اور ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا۔لاہور سے مختلف شہروں کیلئے 15 سے 20 فیصد تک کرائے بڑھا دیئے گئے، لاہور سے کراچی کا کرایہ 6600 سے بڑھا کر 7000 روپے ، راولپنڈی کا 2000 سے 2200 ، مری کا کرایہ 2400 سے 2650 روپے کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ لاہور سے کوئٹہ کے کرائے میں 250 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ، جس کے بعد کوئٹہ کا کرایہ 4400 سے 4650 روپے ہو گیا۔

مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے ریلوے پر اربوں روپے کا بوجھ پڑ گیا ہے،ریلوے کے سسٹم پر روزانہ تقریبا ساڑھے 3 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے۔ قیمتیں بڑھنے سے ایک ماہ کے دوران ساڑھے 18 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا،16 اگست اور یکم ستمبر کو بھی ریلویز کی جانب سے ٹرینوں کے کرائے بڑھائے گئے تھے۔دونوں بار مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ یکم ستمبر کو مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 5 فیصد اضافہ کیا گیا ۔