اسلام آباد(سی این پی) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں ۔ نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔
پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع۔ معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہا، پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے ۔ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، الحمدللہ ۔ نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی انہیں سزا ملی۔2016ء میں عوام سے ترقی ، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی ۔نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہو اور عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں۔ غریبوں کے دُکھ درد کا احساس کرنے والانوازشریف واپس آرہا ہے۔نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں 5 سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہ بدلی۔ نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی۔ نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی۔
لیگی رہنما نےکہا کہ نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ۔نوازشریف نے 2017 میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا۔نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج بجلی گیس پیٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔مریم نواز نے کہا کہ وعدہ ہے کہ خیبرپختون خوا کی محرومیوں کو دور کرکے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے۔دہشت گردی کے علاوہ معاشی دہشت گردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔