نیویارک(سی این پی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوو¿ں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کا پاکستان کی فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کی تشکیل سے آگاہ کیا تاکہ جی سی سی کے رکن ممالک بالخصوص مملکت سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان اور تیز تر بنایا جا سکے
جلیل عباس جیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی، انرجی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں پاک سعودی تعاون کو بڑھایا جانا چاہیے۔وزیر خارجہ نے 20 لاکھ سے زائد تارکین وطن پاکستانیوں کی میزبانی پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی ولی عہد اور سعودی مملکت کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کا بے تابی سے منتظر ہے، پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات میں ج±ڑے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی مستقل روایت پر مبنی ہیں۔