نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیان پر راناثناءاللہ اور سرفراز بگٹی آمنے سامنے

لاہور(سی این پی)رانا ثناءاللہ خان نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کوحد سے تجاوز قرار دے دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں۔ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ یاوفاق کا فیصلہ نہیں ہوگا یہ عوام کا فیصلہ ہو گا۔ نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے، وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا، نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔

مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ سرفراز بگٹی صاحب جتنا سیاسی قد ہے اتنی بات کریں ،نواز شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ ،اپنی فورس اور تیاری عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کے لئے استعمال کریں۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ کو جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ قائد نواز شریف نے 21اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہی یہ نواز شریف اور عوام کا فیصلہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف اس ملک کے تین دفعہ کا منتخب وزیراعظم ہیں جس پہ جھوٹے کیس بنا کر بے بنیاد الزام لگا کر ناحق سزا دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف سے انتقام اور دشمنی لیتے لیتے ملک کا ہر شعبہ برباد کر دیا، عوام کو بھوکا اور بے روزگار کر دیا گیاجس کرسی پہ تھوڑی مدت کے لئے بیٹھے ہیں اسے ”تاحیات“نہ سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آجائیں، نواز شریف کی نہیں ملک کی فکر کریں۔انہوںنے کہاکہ 2017سے لے کر اب تک اِس طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے اور سازش سے عوام کے ساتھ بہت ناانصافی ہو گئی، اب بس ۔