اسلام آباد(سی این پی)تحریک انصاف کے سینئر رہنماعثمان ڈار منظر عام پر آگئے اور تحریک انصاف اور سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا جبکہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سلطان گواہ بن گئے
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے بتایا کہ9 مئی واقعات کی پلاننگ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت زمان پارک میں ہوئی،چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری صورت میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی گئی،حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایات عمران خان نے خود دی
اکتوبر 2022 میں لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی کو روکنے کے لیے کیا گیا تھا،9 مئی واقعات کرنے کا مقصد فوج پر پریشر ڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا، چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ہیومن شیلڈ کا استعمال کیا، گرفتاری سے بچنے کے لیے ورکرز کی ذہن سازی کی،جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد اور زمان پارک میں جو کچھ ہوا اسی ذہن سازی کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وفاقی حکومت ختم ہونے کے بعد تحریک انصاف میں دو گروپ بن گئے تھے ،ایک گروپ ریاستی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی چاہتا تھا جبکہ دوسرا گروپ مفاہمت کی سیاست پر زور دے رہا ہے ،پہلے گروپ میں مراد سعید ،اعظم سواتی،فرح حبیب اور حماد اظہر شامل تھے جبکہ دوسرے گروپ میں علی محمد خان،شفقت محمود اور اسد عمر شامل تھے ،چیئرمین تحریک انصاف نے مراد سعید والے گروپ کی حمایت کی اور سانحہ 9 مئی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانیہ کے ساتھ نہیں چلتا سکتا اور سیاست اور تحریک انصاف کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خیر باد کہتا ہوں۔