نواز شریف ،زرداری اور عمران خان اپنے مقدمات کے حل کیلئے قانونی حل تلاش کریں،نگران وزیر اعظم

اسلام آبا د(سی این پی)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوازشریف ،عمران خان اور آصف زرداری کو اپنے مقدمات کیلئے قانونی حل تلاش کرنا ہوں گے ،وہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سے خصوصی بات چیت کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے سے نگران حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، ان کی واپسی کے لیے نگران حکومت کی کسی سے ڈیل کا تاثر درست نہیں، نگران حکومت کوئی بھی ایسی ڈیل کیسے کر سکتی ہے،مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے،نواز شریف پی ٹی آئی دور حکومت میں عدالت کی اجازت سے باہر گئے تھے،نواز شریف واپس آ کر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں کئی قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، سابق صدر آصف زرداری ہوں، نواز شریف یا عمران خان سب کو اپنے مقدمات کے لیے قانونی حل تلاش کرنے ہوں گے ان کے پاس سیاست کے لئے کوئی اور راستہ موجود نہیں ۔
٭٭٭