اسلام آباد اور گردونواح میں بارش ،پہاڑوں پر برفباری،موسم سرد ہوگیا

اسلام آبا د(سی این پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق سرائے عالمگیر ،جہلم،شکرگڑھ اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے،بارش کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔گلی محلوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ،ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے 16 اور 17 اکتوبر کو کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں گرج چمک تو کہیں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔مغربی ہواوں کا سلسلہ آج اتوار سے ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جو وسطی و بالائی سندھ تک پھیل سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے 16 سے 17 اکتوبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔17 اکتوبر کو کراچی، ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھر پارکر، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا تاہم ژوب ،کوہلو،بارکھان ،میں آ ندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31۔ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ،قلات زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کوئٹہ،سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کوئٹہ،نوکنڈی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کوئٹہ،تربت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کوئٹہ،جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں 33 اور گوادر میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔