راولپنڈی(سی این پی)آرمی چیف نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی واضح سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔
آرمی چیف نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تارکین وطن اور غیر ملکیوں کی باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔فورم نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی۔چیف آف آرمی اسٹاف نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی ہموار، باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی اور بےدخلی یقینی بناتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کی جائے۔
شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دینے والی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست غیر متزلزل عزم کے ساتھ نمٹے گی۔
فورم کو موجودہ جیو سٹرٹیجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فورم نے حماس اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے دریغ اور غیرمتناسب استعمال کی وجہ سے معصوم شہریوں کی جانوں کو پہنچنے والے بھاری نقصان کو بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھا۔شرکا نے حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے سٹرٹیجک اقدامات کی مکمل حمایت کے عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔کور کمانڈر کانفرنس میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا گیا اور جنرل عاصم منیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔جنرل عاصم منیر نے اس کے علاوہ آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران عمدہ کارکردگی کے حصول پر بھی زور دیا۔آرمی چیف نے کہا کہ مختلف ڈومینز میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ مافیاز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کو اس طرح کے ناجائز طریقوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔