نواز شریف دبئی پہنچ گئے،اسحاق ڈار کے بیٹے کے گھر پر قیام

دبئی(سی این پی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف دبئی پہنچ گئے جہاں سے وہ ہفتے کے روز پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے قائد حسین نواز، حسنین ڈار اور راشد نصر اللہ کے ہمراہ دبئی میں اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار کی رہائش گاہ پہنچے جہاں اُن کا اہل خانہ نے بھرپور استقبال کیا۔واز شریف پاکستان واپسی کیلئے ہفتے کے روز دبئی سے نجی طیارے کے ذریعے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ اُن کے ساتھ صحافی اور پارٹی قائدین بھی موجود ہوں گے۔اس سے قبل نواز شریف لندن سے سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا اور پھر اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی اسماء نواز کے ساتھ ایمریٹس ہلز دبئی میں قیام کر رہے ہیں، وہ دبئی میں دو دن قیام کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم قانونی ماہرین سے مزید صلح مشورے کریں گے، جس کے بعد وہ ہفتے کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، وہ دبئی ایئرپورٹ کے لیے متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 6 بجے گھر سے روانہ ہوں گے۔ چار سال سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی گزارنے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد اکیس اکتوبر 2023 کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔ نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتاری سے بچانے کے لیے عدالتوں سے اُن کی ضمانت بھی کروائی گئی ہے۔