امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ، 22 افراد ہلاک،60 سے زائد زخمی

لیوسٹن(سی این پی) امریکی ریاست میئن میں مسلح شخص نے مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے 22 افراد کوہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ سے 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ تمام افراد کو گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق لیوسٹن شہر میں 40 سالہ ملزم نے جس کی شناخت رابرٹ کارڈ کے نام سے ہوئی پہلے ایک بولنگ کلب میں فائرنگ کی جس سے 10 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے۔ اس کے بعد ملزم نے باراور ڈسٹری بیوشن سینٹر میں موجود افراد پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔فائرنگ سے 60 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے خود کار رائفل تھامے ملزم کی تصویر جاری کردی ہے۔ لیوسٹن اور اوبرن کے رہائشیوں کو مزید احکامات تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملزم کی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آسکی ہے۔میئن کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور کاروبار بند کروا دئیے گئے ہیں۔ حملہ آور کی تلاش جاری ہے ۔