اسلام آباد (سی این پی) سپریم کورٹ نے نیب ترامیم فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا،عدالت نے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی فاروق ایچ نائیک کی استدعا مستردکردی اور احتساب عدالتوں کو آئندہ سماعت تک حتمی فیصلے سے روک دیا۔سماعت کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کا تفصیلی فیصلہ ابھی نہیں آیا، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد نیب ترامیم انٹراکورٹ اپیل دوبارہ مقرر کی جائے۔عدالت نے نیب ترامیم اپیل میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تحت نیب ترامیم کیس 5 رکنی بینچ کو ہی سننا چاہیے تھا، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل معطل ہوا تھا، ایکٹ کبھی معطل نہیں ہوا۔انھوں نے یہ ریمارکس منگل کے روز دیے ہیں۔
نیب ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر چیف جسٹس ا?ف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی، سماعت کرنے والے لارجر بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل نیب ترامیم فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے کی۔دوران سماعت اٹارنی جنرل روسٹرم پر آئے اور کہا کہ وکیل مخدوم علی خان بیرون ملک ہیں، مخدوم علی خان نے التوا کی درخواست دی ہے، کچھ گزارشات پیش کر سکتا ہوں۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے سامنے کچھ اور درخواستیں بھی آئی ہیں، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ میں عدالت کی معاونت کرنے کیلئے تیار ہوں۔
اسی دوران وکیل درخواست گزار فاروق نائیک بھی روسٹرم پر آ گئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فاروق نائیک صاحب آپ عدالتی فیصلے کی حمایت یا مخالفت کر رہے ہیں؟، وکیل فورق نائیک نے کہا کہ نیب ترامیم کیخلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کی مخالفت کر رہا ہوں۔وکیل فاروق نائیک نے عدالت کو بتایا کہ میں نے درخواستیں کچھ فریقین کی جانب سے دائر کی ہیں، اس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا پہلے اس کیس میں آپ فریق نہیں تھے؟، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میرے مو¿کل نیب ملزم ہیں، انہیں فریق بنائے بغیر یہ فیصلہ دیا گیا۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں نے 2 نظرثانی کی درخواستیں دی تھیں اور ایک اپیل دائر کی تھی، چیف جسٹس نے کہا کہ اپیل اور نظرثانی کا سکوپ الگ، الگ ہے، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں نظر ثانی کی درخواستیں واپس لے کر اپیل کی پیروی کرنا چاہتا ہوں، میری گزارش ہوگی کہ اپیل میں مجھے سنا ضرور جائے۔چیف جسٹس نے مخدوم علی خان کے معاون وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ قانونی سوال ہے جب آپ فریق نہیں تو سنا کیسے جائے؟، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سامنے کیوں نہیں کھڑے، اٹارنی جنرل کا شیلٹر کیوں لے رہے ہیں؟، بعد میں چیف جسٹس نے مخدوم علی خان کے معاون وکیل کو درخواست پڑھنے کی ہدایت کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے لکھا نیب ترمیم کیس پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تحت 5 رکنی بینچ نے سننا تھا، آپ اس نکتے پر قائم ہیں تو پھر اس نکتے پر مطمئن کریں، اگر اس نکتے پر مطمئن کر لیا تو اپیل کے میرٹس پر نہیں جائیں گے، ایسی صورت میں ہم ترامیم کے خلاف درخواستیں بحال کر کے نیا بینچ بنا دیں گے یا پھر اس نکتے کو واپس لے لیں گے۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایسا نہ کریں، موجودہ اپیلیں ہی چلائیں، ایسا کیا تو نیب کورٹس میں مقدمات چلنا شروع ہو جائیں گے،ف اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ دیکھیں مخدوم علی خان نے اپنی درخواست میں یہ گراو¿نڈ لے رکھی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ساری نیب ترامیم فیصلے سے ا±ڑ گئیں یا کچھ بچی ہیں؟، اس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جو تیسری ترامیم آئیں انہیں چھیڑا ہی نہیں گیا، پہلی اور دوسری ترامیم میں سے کچھ ختم کر دی گئیں کچھ باقی ہیں۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اکثریتی فیصلے میں جس گراو¿نڈ پر انحصار کیا گیا ہے اس کا تیسری ترامیم سے تعلق ہے، تیسری ترامیم کو چھیڑے بغیر وہ فیصلہ کیسے کر سکتے تھے؟۔
معاون وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ پہلی ترامیم کو چیلنج کیا گیا تو دوسری ترامیم آئیں، پھر درخواست گزار نے درخواستوں میں ترامیم کیں، چیف جسٹس نے سوال کیا کہ تیسری ترمیم کب آئیں جس پر معاون وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ تیسری ترمیم مئی 2023ءمیں آئی ہیں۔چیف جسٹس نے اس پر ریمارکس دیے کہ پھر تو کافی وقت تھا تیسری ترمیم پر بھی، درخواست گزار اپنی درخواست بدل سکتا تھا، پھر تو یہ بات درست ہے کہ اگر ترامیم کالعدم ہونا تھیں تو تیسری ترمیم بھی کالعدم ہونا تھیں، فیصلے میں اگر تیسری ترامیم کا ذکر ہے تو پھر ان پر فیصلہ بھی ہونا تھا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تحت نیب ترامیم کیس 5 رکنی بینچ کو ہی سننا چاہیے تھا، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل معطل ہوا تھا، ایکٹ کبھی معطل نہیں ہوا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کا تفصیلی فیصلہ نہیں آیا، ہوسکتا ہے اس فیصلے میں اس نکتے پر بھی فیصلہ موجود ہو، ایسی صورت میں ہم اس کیس کو آج نہیں چلا سکتے، ٹرائل کورٹ کے جج پر تشریحات کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، ٹرائل کورٹ کے جج کو صرف ٹرائل تک رکھنا چاہیے۔۔