آئی ایم ایف وفد کل پاکستان آئیگا

اسلام آباد(سی این پی) پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات رواں ہفتے شروع ہونگے، جس کیلئے آئی ایم ایف کا جائزہ مشن کل جمعرات کو 2 نومبر سے پاکستان آئے گا اور پہلی سہہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی جائزے کیلیے پاکستان کی معاشی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی تیاریاں حتمی مراحلے میں داخل ہوچکی ہیں اور پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اسٹرکچرل اہداف حاصل کرلیے ہیں اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یہ اہم ترین شرط بھی پوری کردی گئی ہے۔ اسی طرح گردشی قرضے بھی مقررہ حد میں ہیں، مالیاتی خسارہ بھی طے شدہ ہدف کے مطابق ہے،ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں طے شدہ ہدف سے بھی زائد ہیں، تاہم بجٹ خسارے کیلیے درکار بیرونی فنانسنگ کے حوالے سے کچھ مشکلات درپیش ہیں لیکن چین، یو اے ای اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی جانب سے کروائی جانے والی یقین دہانیوں کے باعث یہ معاملہ بھی باآسانی طے پاجائے گا۔