اسلام آباد(سی این پی)عام انتخابات کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر کا اضافی نوٹ سامنے آگیا جس میں کہا گیا ہے کہ 90 روز میں انتخابات کی تاریخ نہ دے کر صدر اور الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی، ووٹرز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔جج جسٹس اطہر من اللہ نے عام انتخابات کیس کے حوالے سے 41 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی ووٹرز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا بنیادی حقوق کے منافی ہے، آئین اور قانون کے بر خلاف نگران حکومتوں کے ذریعے امور چلائے جا رہے ہیں، مقررہ وقت میں انتخابات آئینی تقاضا ہے اور انتخابات نہ کروا کر عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ثابت ہو چکی۔ اطہر من اللہ نے کہا کہ 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 رجسٹرڈ ووٹرز کو ان کے حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا، انتخابات میں تاخیر کو روکنے کے لیے مستقبل میں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، ہر عوامی عہدہ رکھنے والا آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہے۔نوٹ میں کہاگیا ہے کہ دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے لے کر انتخابات از خود نوٹس تک کا حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس عدالت کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے، 90 روز میں انتخابات میں کروانا صدر مملکت، گورنرز اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی، 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر مملکت نے کیا، تاریخ الیکشن کمیشن نے دی، 8 فروری کو تاریخ دینے سے صدر اور الیکشن کمیشن نے خود کو بے نقاب کیا ہے کہ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور عوام کے حقوق کی خلاف ورزی سنگین عمل ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں، 90 روز کے اندر انتخابات کی تاریخ دینا صدر مملکت کا اختیار تھا، ہر عوامی عہدہ رکھنے والا آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہے۔اضافی نوٹ میں کہا کہ سیاسی جماعت بنانا ، سیاسی جماعت کا رکن ہونا اور انتخابات لڑنا آئینی حق ہے، گورنر خیبر پختونخوا نے 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ نہ دی کر آئینی خلاف ورزی کی، کے پی اور پنجاب کے دونوں گورنرز نے آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، اس معاملے پر نہ الیکشن کمیشن متحرک ہوا نہ ہی صدر مملکت نے مثر انداز میں اپنی ذمہ داری ادا کی، صدر، گورنرز اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔لاہور ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے کارروائی چلا رہی تھی لیکن سپریم کورٹ نے کیس خود چلانا شروع کردیا، صدر مملکت نے 2 فروری 2023 کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دی جس سے لاہور ہائی کورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، اس عمل سے عیاں ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن اور گورنر بامعنی انداز میں صدر سے مشاورت نہیں کی، چار ججوں نے متفقہ نوٹ میں سپریم کورٹ کا انتخاب سے متعلق از خود نوٹس مسترد کردیا۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">