زرداری اور بلاول میں کوئی اختلاف نہیں،پیپلز پارٹی کی وضاحت

کراچی(سی این پی)پیپلز پارٹی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات کئی خبروں کی تردید کر دی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی قیادت میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑی جمہوریت پسند جماعت ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے اور اختلاف رائے کا مقصد ہرگز اختلافات نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات کی خبریں پھیلانے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔انکا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو طے شدہ شیڈول کے مطابق دبئی گئے ہیں ، وہ یوم تاسیس کے جلسے سے قبل وطن واپس پہچ جائیں گے۔سابق صوبائی وزیر کے مطابق بلاول بھٹو30 نومبر کو کوئٹہ میں یوم تاسیس کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے۔