راولپنڈی(سی این پی) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کیے جانے کا اعادہ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ،غیر قانونی معاشی سرگرمیوں ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔
فورم میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا
ترجمان کے مطابق فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
کانفرنس کے شرکا نے بھارتی فوج کی طرف سے شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی
اجلاس میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں اور ان بہادر کشمیریوں کے جذبے کو پست نہیں کر سکتے جو اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
شرکا کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرے کے تناظر حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کے لیے جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سلامتی کو متاثر کرنے والے تشویشناک نکات کے طور پر نوٹ کیا گیا۔
کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی گئی