اسلام آباد(سی این پی)توشہ خانہ ریفرنس میں سزائے یافتہ قرار دی گئی سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے حکومت کے معاملات طے، گھرکوہی سب جیل قراردے دیا۔ سابق خاتون اول کو اڈیالہ جیل کی جگہ بنی گالہ میں قید رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کردیا گیا اور بنی گالہ کو سب جیل کا درجہ بھی دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بنی گالہ ہاؤس کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیاگیاہے۔جیل اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ سب جیل پر تعینات، جیل کا عملہ بنی گالہ گھر کے اندر تعینات رہے گا، اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ گھر کے باہر تعینات ہوں گے ۔جیل کے ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی اپنی قید کی سزا بنی گالہ میں ہی کاٹیں گی۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا ہونے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر خود گرفتاری دی تھی تاکہ انہیں اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہی قیدمیں رکھا جائے لیکن ذرائع کا کہناہے کہ خاتون اول کووی آئی پی پروٹوکول دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کو کہاگیاکہ ان کے بنی گالہ کے گھر کوہی سب جیل قراردے کرانہیں اسی گھر میں رکھاجائے۔
ذرائع کا کہناہے کہ یہ فیصلہ اعلی حکومتی ایوانوں میں کیاگیاتاکہ بشری بی بی اور ان کے شوہر عمران خان کی ملاقات بھی نہ ہو۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی میں سزا کا فیصلہ سنایا۔فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچیں تو نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی جس نے انہیں گرفتار کیا۔پولیس کی جانب سے حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ جیل کے فرنٹ، عقب اور اطراف میں مزید سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ کو تین دن کے اندر جیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز کال اڈیالہ جیل کےآفیشل نمبر پر کی گئی۔ جیل اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ سب جیل پر تعینات، جیل کا عملہ بنی گالہ گھر کے اندر تعینات رہے گا، اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ گھر کے باہر تعینات ہوں گے، چیف کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا