اسلام آباد(سی این پی)کورکمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے ،اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز( ملٹری ) کے زیرصدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی
جس میں عزم کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
جنرل عاصم منیرکورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔
جنرل عاصم منیرنے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقہ اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
شرکائے کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی او ر سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
فورم نے عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکائے کانفرنس نے کہا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔