کہیں ن لیگ آگے اور کہیں آزاد امیدوار وں کا پلڑا بھاری،آج حتمی رزلٹ کا اعلان ہوگا

اسلام آباد(سی این پی)عام انتخابات 2024کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں ۔ابتدائی نتائج کے مطابق کہیں مسلم لیگ ن اور کہیں پیپلزپارٹی کے امیدوار آگے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کو بھی کئی حلقوں میں بر تری حاصل ہے ۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لاہور اور مانسہرہ کے حلقوں سے میدان میں اترے ،لاہور کے حلقے این اے 130 میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے ساتھ ان کا سخت مقابلہ ہے کبھی نواز شریف تو کبھی یاسمین راشد ووٹوں کی دوڑ میں آگے نکل جاتے ہیں آخری اطلاع کے مطابق لاہور میں قائد ن لیگ یاسمین راشد سے پیچھے تھے ،این اے 15 مانسہرہ میں نواز شریف کو مخالف امیدوارں پر سبقت حاصل ہے ۔ این اے 15 مانسہرہ تورغر کے 550 پولنگ سٹیشنز میں سے 50 کے نتیجے کے تحت نواز شریف 16231 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ محمد گشتاسپ خان 12210 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ن لیگ کے صدر شہباز شریف این اے 123 لاہور اور این اے 132 قصور سے الیکشن لڑ رہے ہیں لاہور میں ان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار افضل عظیم ٹف ٹائم دے رہے ہیں تاہم قصور کے حلقے سے شہباز شریف کو برتری حاصل ہے ۔ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو لاہور کے حلقہ این اے 119 میں مخالفین پر خاصی برتری ہے اسی طرح حمزہ شہباز بھی این اے 118 میں آگے جا رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں مدمقابل جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار پر برتری حاصل ہے ۔این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کے 303 پولنگ سٹیشنز میں سے 27 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے بلاول بھٹو زرداری 7134 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ جے یو آئی کے ناصر محمود 2320 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کو بھی نوابشاہ کے حلقے میں خاصی سبقت حاصل ہے ۔لاہور کے حلقہ این اے 125 میں اب تک مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک افضل کھوکھر، این اے 127 سے پی پی پی کے امیدوار بلاول بھٹو، این اے 121 میں لیگی امیدوار شیخ روحیل اصغر،این اے 128 میں سلمان اکرم راجہ ،این اے 124 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا مبشر اقبال،این اے 117 سے آئی پی پی کے امیدوار عبدالعلیم خان،این اے 120 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق،این اے 126 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک سیف الملوک کھوکھر،این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق ،این اے 129 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں نعمان کو سبقت حاصل ہے ۔ این اے 113 شیخوپورہ میں ن لیگ کے اعمد عتیق انور کو برتری ہے ۔مٹیاری کے حلقے این اے 216 میں بھی کانٹے کا مقابلہ جاری ہے ، جہاں 31 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے بشیر میمن 10428ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے مخدوم جمیل الزماں 10258 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ہری پور حلقہ این اے 18 کے 36 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیداور عمر ایوب خان آگے اور ن لیگ کے بابر نواز خان دوسرے نمبر پر ہیں۔ملتان این اے 149 پر آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر پہلے جبکہ آئی پی پی کے جہانگیر ترین دوسرے نمبر پر ہیں۔سکھر کے حلقہ این اے 201 پر پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ پہلے جبکہ جے یو آئی کے محمد صالح اندھڑ دوسرے نمبر پر ہیں۔کراچی حلقہ این اے 248 پر ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی آگے ، آزاد امیدواد ارسلان خالد پیچھے ہیں۔ این اے 242 میں ایم کیو ایم کے مصطفی کمال آگے ، پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل دوسرے نمبر پر ہیں۔این اے 241 کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار خرم شیر زمان پہلے اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار دوسرے نمبر پر ہیں۔ڈی آئی خان میں این اے 44 کے غیرحتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوارعلی امین گنڈاپور آگے جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمن پیچھے ہیں تاہم این اے 265 پشین میں مولانا فضل الرحمن کو سبقت حاصل ہے ۔