رائیونڈ(سی این پی) ایم کیو ایم وفد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں حکومت سازی پر بات چیت کی گئی۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا وفد رائیونڈ پہنچ گیا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم قائدین وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف اور جماعت کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سیاسی بیٹھک میں نئی حکومت سازی ، آئندہ سیاسی حکمت عملی سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت ہوئی۔ مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ایم کیو ایم نے مطالبات کی لسٹ نوازشریف کے سامنے رکھ دی اور ن لیگ کی حکومت بننے کی صورت میں سندھ کی گورنر شپ مانگ لی جبکہ کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں میں آن بورڈ رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔
نوازشریف نے ایم کیو ایم کی شرائط کا مثبت انداز میں جواب دیا اور ایم کیو ایم و پیپلزپارٹی کے درمیان مصالحانہ کردار ادا کرنے کی حامی بھرلی۔
نوازشریف نے شہبازشریف کو ہدایت کی کہ شہبازشریف صاحب آپ کے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مصالحانہ کردار ادا کرنا ہے۔