اسلام آباد(سی این پی)سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف سے آصف زرداری ،بلاول بھٹو کی ملاقات میں اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ملاقات میں پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے کامطالبہ کردیا۔ اس سلسلے میں پیپلزپارٹی نے سی ای سی کا مشاورتی اجلاس (آج) طلب کر لیا۔آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں سیاسی صورتحال سمیت دیگر پر مشاورت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، عام انتخابات کے نتائج سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وفد کی صورت میں آصف زرداری اور بلاول سے ملاقات کی ہے حکومت بنانے کی پیشکش کی جس پر پیپلز پارٹی نے پیشکش پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں تما م امور اعتماد میں لیا
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کے وفد نے بلاول ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول اور شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی۔
وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ایک بار پھر حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے آصف زرداری کو نواز شریف کا پیغام پہنچایا اور بات چیت آگے بڑھانے پر زور دیا۔ملاقات میں الیکشن کے بعد نمبر گیم پر مشاورت ہوئی، مل کر حکومت بنانے اور دیگر آپشنز پر تبادلہ خیال ہوا اور آزاد امیدواروں سے دونوں جماعتوں کے رابطوں کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔
ن لیگ نے اپنی پیشکش دی جس پر آصف زرداری نے پیشکش پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ ن لیگ کی پیشکش اور تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان اتفاق ہوا کہ سیاسی عدم استحکام کو ختم کرکے ملک کو بچائیں گے، ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کیا جائے گا، عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
بعدازاں شہباز شریف نے چوبیس گھنٹوں میں مولانا فضل الرحمان سے دوسرا رابطہ کیا ہے ،ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں رہنماؤں کا ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا
دونوں رہنمائوں کے درمیان حالیہ انتخابات اور ملنے والے نتائج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،شہباز شریف نے مرکز میں حکومت سازی سے متعلق بھی مولانا فضل الرحمان کا اعتماد میں لیا
مولانا فضل الرحمان نے انتخابات کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا، مولانا فضل الرحمان نے مجلس عاملہ اور امراء اجلاس میں مشاورت کا وقت مانگ لیا،بدھ کو مجلس شوری میں مشاورت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔