چیف جسٹس نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد (سی این پی) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر چیف جسٹس آف پاکستان کا ردعمل آگیا۔ چیف چسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کوئی بے بنیاد الزام لگا دیں نہ اس میں کچھ ذرا سی بھی صداقت ہو، نہ ذرا سی سچائی ہو نہ کوئی ثبوت پیش کریں، اس طرح تو آپ کچھ بھی الزام لگا سکتے ہیں، کل مجھ پر کوئی چوری کا الزام لگا دیں کوئی قتل کا الزام لگا دیں، اگر الزام لگانا آپ کا حق ہے تو ساتھ ساتھ وہ ثبوت بھی پیش کردیں، اچھے برے کا تعین تو بعد میں ہوگا۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ انتخابات کا مقدمہ ہم نے بارہ روز کے اندر نمٹایا،ملک کو الیکشنز چاہیے تھے،میرا الیکشن سے کیا تعلق ہے،الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،ہمارے پاس الیکشن کے حوالے سے درخواستیں آتی رہتی ہیں جن کا ہم فیصلہ کرتے رہتے ہیں ۔پیر کو الیکشن کا کیس مقرر ہے کیا کمشنر راولپنڈی کو بلائیں گے صحافی کا سوال کے جواب میں چیف جسٹس نے کہا کہ اگر کیس لگا ہے تو پیر کو سن لیجئے گا کیا ہوتا ہے،زیر التواءمقدمات پر میں بات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کو ثبوت دینا ہوں گے ،میری ذات کو چھوڑ یں ،ملک کے اداروں کو تباہ نہ کریں ۔