اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کو ملک کا 14واں صدر منتخب ہونے پر زرداری ہاؤس جاکر مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے، امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر مملکت انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے، اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کریں گی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف مبارکباد دینے زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے اور صدر آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی الیکشن میں انکی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نو منتخب صدر آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا
ایاز صادق نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں، نو منتخب صدر کی قیادت میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور بیان میں کہا کہ آپ کا انتخاب ملک میں جمہوری عمل کے کامیابی سے آگے بڑھنے کا ثبوت ہے۔