اسلام آباد(سی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ 14 ویں صدر پاکستان کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی جس میںسبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی اور ان کی اہلیہ،وزیر اعظم شہباز شریف نے شرکت کی اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سمیت چاروں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران ، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے ،حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ،بلاول بھٹو زرداری ،آصفہ بھٹو ،بختاور بھٹو ،چیف جسٹس کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کے علاوہ غیر ملکی سفیروں نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ، چیف جسٹس آف پاکستان نے آصف زرداری سے انگریزی میں حلف لیا اور بعد ازاں دستاویز پر دستخط کے بعد آصف زرداری نے سٹیج پر موجود چیف جسٹس قاضی فائز عیسی،وزیرا عظم شہبازشریف اور سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی سے مصافحہ کیا
انہوں نے صدر کو مبارکباد پیش کی ،حلف لینے کے بعد ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف علی زرداری صدارتی انتخاب میں 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہوئے تھے جس کے بعد وہ واحد سویلین بھی ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔