چیک پوسٹ پر حملہ،لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت7 جوان شہید،6 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (سی این پی)شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں6 دہشت گردہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا،، دراندازی کی ابتدائی کوشش ناکامی پر بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی، خودکش بم حملے، چھت منہدم ہونے سے 5 شہید، جوابی کارروائی میں تمام 6 دہشت گرد مارے گئے، لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے بھی ہوئے، ان دھماکوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں مٹی کے پانچ بہادر سپوت شہید ہوگئے

شہداءمیں ضلع خیبر کا رہائشی حوالدار صابر، ضلع لکی مروت کا رہائشی نائیک خورشید، ضلع پشاور کا رہائشی سپاہی ناصر، ضلع کوہاٹ کا رہائشی سپاہی راجہ اور ضلع ایبٹ آباد کا رہائشی سپاہی سجاد شامل ہیں، اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تمام چھ دہشت گرد مارے گئے، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے کراچی کے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور تلہ گنگ کے 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔