اسلام آباد(سیاسی رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ، پروگرام “میٹ دی پریس ” میں شرکت، صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار احمد عباسی نے صوبائی وزیر اطلاعات کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا،میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صحافیوں کے لئے میڈیا ٹاؤن فیز ٹو لارہے ہیں۔
لاہور کی طرز پر اسلام آباد میں بھی صحافیوں کے لیے نئی ہاوسنگ سوسائٹی کی نوید بھی سنائی، یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ نیشنل پریس کلب کی عمارت کی تعمیر اور صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، این پی سی آمد پر صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار احمد عباسی سمیت ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی اراکین نےصوبائی وزیر اطلاعات کا پر تپاک استقبال کیا، سیکرٹری نیئر علی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کو نیشنل پریس کلب اور اس میں ہونے والی تقریبات اور ویمن جرنلسٹس کاکس کے حوالے سے بریف کیا اور انکی صحافیوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کیلئے خدمات کو سراہا۔
صدر این پی سی اظہر جتوئی نے صوبائی وزیر اطلاعات کو انکی سیاسی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی جدوجہد ملکی سیاسی تاریخ کا حصہ ہے، انہوں نے معزز مہمان کو پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والی گرانٹ، جرنلسٹس سپورٹ فندز،میڈیا ٹاؤن فیز ٹو ،انڈوومنٹ فنڈ اور این پی سی میں سولر سسٹم کی تنصیف کےحوالے سے بریف کیا، عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ میڈیا میری فیملی کی طرح ہے، سیاست کا آغاز کرنے کے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں، یہ پارٹی قیادت کا اعتماد ہے جو مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دی ہے، ہماری جماعت اور حکومت میڈیا فرینڈلی ہے، ہماری کوشش ہے کہ میڈیا کوجتنی سہولیات دے سکتے ہیں دیں، جرنلسٹ سپورٹ فنڈز کے حوالے سے بری خبر آئی ہے کے فنڈز نہیں دئیے جا رہے، جرنلسٹ سپورٹ فنڈ زکی درخواستوں پر فوری عمل کیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ کو پنجاب میں بھی نافذ کرینگے،
اسلام آباد میں میڈیا ٹاؤن فیز 2 کا ہونا بہت ضروری ہے، لاہور کی طرز پر اسلام آباد میں بھی صحافیوں کے لیے سوسائٹی بنے گی، میڈیا ٹائون تک میٹرو بس سروس کی رسائی پر کام کیا جائے گا، ہماری جماعت کے علاوہ تمام جماعتوں نے میڈیا کے فنڈز کم یا ختم کئےہیں،میڈیا کو کبھی کسی خبر کی روک تھام کے لیے نہیں کہوں گی لیکن غلط اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے روکنا چاہیے، اس حوالے سے قانون سازی پر بھی کام ہو رہا ہے۔
صحافیوں کی طرف سے ایکریڈیشن کیلئےجو درخواستیں دی جاتی ہیں، وہ 5،6 مہینے التوا میں رہتی ہیں ہم اس پر ایک ڈیڈ لائن بنائیں گے، میڈیا کےتمام جائز مسائل وزیر اعلی ٰپنجاب کے سامنے رکھونگی، وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو سہولیات کی فراہمی پریقین رکھتی ہیں اور عوام کے لیے دن رات کام کررہی ہیں، مسلم لیگ (ن)کی سیاست جھوٹ، بہتان کے بجائے عوامی خدمت ہے، مریم نواز شریف کی دو ماہ کی حکومت نےمخالفین کوپریشان کرکے رکھ دیا ہے۔
، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کوئی منصوبہ فائل نہیں ہے، کینسر کیئر اسپتال اورسرگودہا میں کارڈک اسپتال میں تیزی سے کام ہورہا ہےجبکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی اور دستک پروگرام پربھی کام تیزی سے جاری ہے، فری وائی فائی کو بحال کیا جا رہا ہے،علی امین گنڈاپور جیسے لوگ معاشرے میں عورت کی ترقی اور خوش حالی کے سب سے بڑے دشمن ہیں، کے پی کے لوگ تکلیف میں ہیں، علی امین گنڈا پور نے نے مریم نواز کے حوالے سے نازیبا گفتگو کی ، مریم نواز کے اٹھنے بیٹھے ، پہننے اوڑھنے پر طنز کیا جارہاہےاور پنجاب میں شروع کی جانیوالی ایئر ایمبولینس پر تنقید پر بھی تنقید کی گئی، کے پی کے لوگ تکلیف میں ہیں، وہاں آج بھی ڈولیوں کے حادثات ہوتے ہیں، اگر انہوں نے مریم نواز کا مقابلہ کرنا ہے تو ترقی، منصوبوں اور لوگوں کو حقوق اور سہولیات دینے میں مقابلہ کریں، کے پی کے میں بھی ایئر ایمبولینس لائیں کینسر اسپتال بنائیں، یہ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کبھی وہاں دفتر کے باہر پاکستان مخالف نعرے لگاتے ہیں، نو مئی کی برسی آ رہی ہے انکا کردار سب کے سامنے ہے
اسلام آباد چڑھائی کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے، اب آپکو وہ سہولیات میسر نہیں ہیں، آج کے پی کا سب سے بڑا منصوبہ میٹروبس ہی ہے،ہماری دو ماہ کی حکومت نے خاطر خواہ تاثر چھوڑا ہے جس کا نتیجہ ضمنی انتخابات میں سامنے آ چکا ہے،لوگ اب مہنگائی سے ریلیف چاہتے ہیں ،مار دو چڑھ دوڑو نہیں چاہتے، ادارہ شماریات کی رپورٹ آپکے سامنے ہے،سعودی عرب کا سرمایہ کاری سےمتعلق بہت بڑا منصوبہ پائپ لائن میں ہے، پنجاب میں کسان تنظیموں کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پنجاب میں تین نئے ماڈل بنائے جارہے ہیں جہاں پر کسانوں کو بیج، کھاد اور آلات سرکاری نرخوں پر دستیاب ہونگے، گندم کی سرکاری امدادی قیمت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پنجاب میں نیا قانون لایا جا رہا ہے جس کے تحت الزام لگانے ولا بھاگ نہیں سکے گا،یہ قانون کابینہ کی منظوری کے بعد بہت جلد نافذ العمل ہو جائے گا اوراس کا غلط استعمال روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ تقریب کے آخر میں این پی سی کے سیکرٹری فنانس وقار احمد عباسی نے این پی سی کی سینئر قیادت، افضل بٹ ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی کی تمام اراکین کی طرف سے پریس کلب آمداور فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرانے پرمعزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔