اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ کی سزا معطلی پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دن تین بجے فیصلہ سنانے کا وقت مقرر کر رکھا تھا۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالے نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق دونوں ملزمان کے پاس سزا معطلی کا کوئی جواز موجود نہیں، بشریٰ بی بی کا خاتون ہونا سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا جواز نہیں لہٰذا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عدت کیس میں سزا معطل کرنے کی اپیلیں مسترد کرنے کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدت کیس میں عدالت نے سزا معطلی کی درخواست منظور نہیں کی ۔ ہم اس فیصلے کو ہائیکورٹ مین چیلنج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ خاوند بیوی کا تھا اس کیس میں کوئی پیچیدگی نہیں تھی ۔ ہم اس حوالے سے قانونی حق رکھتے تھے ۔ جس سے ہمیں محروم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ہماری تحریک اور تیز ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار وزیراعظم شہباز شریف حقیقت میں وزیراعظم نہیں ہیں وہ میرے لئے صرف مسٹر شہباز ہیں ان سے کہوں گا کہ نا انصافی کا یہ سلسلہ بند کریں ہماری خواتین کو بے جا گرفتار کر کے ان پر ظلم کیا جا رہا ہے ۔ ہم ان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کر یں گے ۔ بشری بی بی کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انھیں اس سب کا حساب دینا ہو گا ۔