پرویز خٹک نے عمران خان کی موجودگی میں انکے خلاف بیان ریکارڈ کرادیا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) 190 ملین پاونڈ کیس میں پرویز خٹک نے بیان ریکارڈ کرادیا ساتھ ہی بنی گالا اسلام ا?باد کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ آج دوران سماعت سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا اور بنی گالا اسلام اٰباد کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے عدالت میں بیان دیا کہ نیب نے مئی 2023ءمیں مجھ سے 190 ملین پاو¿نڈ کے حوالے سے بیان لیا، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے مجھ سمیت کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستانی سے غیر قانونی طور پر باہر بجھوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔

پرویز خٹک نے بیان دیا کہ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں ایڈیشنل ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا، ایڈیشنل ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے، ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ایجنڈے کے ساتھ ایک تحریر بھی تھی، تحریر تھی کہ رقم پراپرٹی ٹائیکون کے مالک نے برطانیہ منتقل کی تھی۔پرویز خٹک کے بیان کے موقع پر بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آگئے اور مسکراتے رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بیان کے دوران چٹکلا چھوڑا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔