ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ہیلتھ مرکز پر حملے میں پانچ شہری اور سپاہی شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر بزدلانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکی دار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فورسز کی موثر کارروائی کے سبب تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے مطابق 44 سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے، شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، نائب صوبیدار محمد فاروق شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دوبیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔اسی طرح ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد جاوید اقبال شہید کی عمر 23سال ہے، سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے 3 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، سپاہی محمد جاوید اقبال شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔