راولپنڈی(نیوز رپورٹر) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہعدالتی نظام 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو ڈھیل دے گا تو انتشار مزید پھیلے گا، عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔
پیر کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اعلامیے میں واضح کہا گیا کہ پہلے نوگو ایریاز کی وجہ سے لوگ بے گھر ہوئے تھے، جبکہ اس بار ملک میں کوئی نوگوایریا نہیں اس لیے کسی کو گھر سے نکالا نہیں جائے گا
اس کے باوجود ایک بہت بڑا سیاسی مافیا کھڑا ہوگیا کہ یہ آپریشن عزم استحکام نہیں کرنے دینا، ایک مضبوط متحرک لابی چاہتی ہے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے مقاصد حاصل نہ ہوں۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اپیکس کمیٹی نے انسداد دہشت گردی مہم کا تفصیلی جائزہ لے کر نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں خامیوں کی نشاندہی کی اور تفصیلی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید متحرک انسداد دہشت گردی مہم کی منظوری دی، لہذا عزم استحکام یہ ہمہ گیر مہم ہے، جس میں اتفاق رائے ہوگا اور جاری انسداد دہشت گردی مہم کو مو¿ثر قانون سازی کے ذریعے بااختیار بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں فوج کے خلاف منظم پراپیگینڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پروپیگینڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 32 ہزار سے زائد مدارس ہیں جن میں سے 16 ہزار رجسٹرڈ ہیں اور 50 فیصد رجسٹرڈ نہیں، باقی مدارس کہاں ہیں اور کون انہیں چلارہا ہے، کیا یہ فوج نے کرنا ہے؟
جنرل احمد شریف چوہدری نے بنوں واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کینٹ پر دہشت گردوں کے حملے اور فائرنگ سے پاک فوج کے 8 جوان اور کچھ معصوم شہری بھی شہید ہوئے
امن مارچ میں مسلح لوگ شامل ہوئے، جنہوں نے جائے وقوعہ پر فائرنگ کی، دیوار کو گرادیا اور راشن ڈپو کو لوٹا، فوجی نے ایس او پیز کے مطابق بالکل درست ردعمل دیا۔
ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کے بعد انتشاری ٹولے نے پراپیگنڈا کیا تھا کہ فوج نے جتھوں کو گولی کیوں نہیں ماری، اس کا مطلب ہے فوج نے یہ واقعہ خود کرایا
فوجی ایس او پیز کے مطابق تنصیبات پر حملہ ہو تو پہلے وارننگ دی جاتی ہے، پھر ہوائی فائرنگ اور پھر جواب دیا جاتا ہے
بنوں واقعہ اس لیے ہوا کہ ہمارا عدالتی و قانونی نظام 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو ڈھیل دے گا اور کیفر کردار تک نہیں پہنچائے گا تو ملک میں انتشار مزید پھیلے گا اور فسطائیت بڑھے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر آرمی چیف اور فوج کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے، حقیقی دہشت گرد اور ڈجیٹل دہشت گرد ایک ہی کام کررہے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گرد انٹرنیٹ پر جھوٹی خبروں کے ذریعے اپنی رٹ قائم کرتا ہے