دہشت گردی کے دو نئے مقدمات درج

عمران خان کا پولی گرافک سمیت 3 ٹیسٹ کرانے سے انکار

راولپنڈی(کورٹ رپورٹر) بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے لاہور پولیس کی تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا تاہم تفتیش کے دوران بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو تین ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔

عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے لاہور پولیس اڈیالہ پہنچی۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین بھی تھے۔

پی ایف ایس اے ماہرین نے بانی چیئرمین کا جھوٹ پکڑنے والا پولی گراف ٹیسٹ،وائس میچنگ، فوٹو گرامیٹری کرنا تھا۔ لاہور پولیس ٹیم نے بانی چیئرمین سے 9مئی واقعات سے متعلق مختلف سوالات بھی کرنے تھے۔

تفتیش کے دوران پولیس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے مختلف سوالات کیے تو بانی چیئرمین نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پولیس پر اعتبار نہیں۔

تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے کہا کہ آپ پولیس کے تفتیشی افسران سے تعاون کریں ہم آپ کے ساتھ انصاف کریں گے۔

ڈی ایس پی جاوید آصف کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے 15 منٹ تک پولیس کے سوالات کے جوابات دیے تاہم تفتیش کے دوران بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو تین ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔

انہوں نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو کہا کہ میں بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراؤں گا، مختلف ٹیسٹ کرنے کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا۔