قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل اوراسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی۔ ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔ قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اسرائیلی بربریت سے خواتین اور بچے بھی شہید ہوئے۔ تمام پارلیمانی جماعتیں گزشتہ نو ماہ سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جبر و بربریت پر متحد ہو کر غم و غصے کا اظہار کرتی ہیں۔

ایسے واقعات کو فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم و بربریت کو روکنے اور خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اسرائیلی قیادت عالمی عدالت انصاف کے واضح فیصلوں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، او آئی سی کے واضح فیصلوں کے باوجود فلسطین کی آبادی کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ جس میں محرکات سے قطع نظر ماورائے عدالت اور ماورائے عدالت قتل، اور خطے میں بڑھتی ہوئی مہم جوئی پر شدید تشویش کے ساتھ خیالات شامل ہیں۔

اس طرح کے واقعات نہ صرف دنیا کے امن کو تباہ کرتے ہیں بلکہ پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں ایک خطرناک کشیدگی کو جنم دیتے ہیں اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔