پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا شاندار استقبال،جم غفیر ائیر پورٹ پر اُمڈ آیا،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے

پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا شاندار استقبال،جم غفیر ائیر پورٹ پر اُمڈ آیا، بھنگڑے

لاہور۔اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کارات گئے لاہور ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ،لوگوں کاجم غفیر ایئرپورٹ پر امڈ آیا ،ارشدندیم کیساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ کو بھی خصوصی پروٹوکول دیاگیا۔

رشدندیم کو فرانس میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے پیرس ا یئرپورٹ سے نہایت پرتپاک انداز سے استنبول کیلئے رخصت کیا۔

فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کا جشن منانے اور ان کے اعزاز میں فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ میں ایک زبردست تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا ۔

پاکستانی سفارتخانہ کے باہر روایتی ڈھول کی تھاپ پر ارشد ندیم کا خیرمقدم کیا گیا، لوگوں نے ارشد ندیم کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنائیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ،بچے بڑے آٹوگراف لیتے رہے ۔

پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کی استنبول سے لاہور آنے والی فلائٹ رات ایک بج کر 24منٹ پر لینڈ کی ،طیارہ ایئرپورٹ پر اترتے ہی اسے روایتی واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا ۔لوگوں کا جم غفیر اپنے ہیروکا استقبال کرنے کیلئے ایئرپورٹ پر جمع تھا۔

ارشد ندیم کے اہلخانہ اور اہل محلہ سمیت میاں چنوں سے سینکڑوں لوگوں کا قافلہ لاہور پہنچا ، ارشد ندیم کے اہلخانہ کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

ارشد ندیم کے گاؤں چک 101 پندرہ ایل میں سپیکر پر اعلان کرایا گیا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے ۔

ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کیلئے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیاتھا۔

احسن اقبال،سعد رفیق ،فیصل ایوب ،عظمیٰ بخاری ، رانا مشہود، شیزا فاطمہ،قومی جیولن تھرور یاسر سلطان، قومی ہیرو کے سابق کوچ فیاض بخاری بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے ۔

حکومتی نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے انہیں پاکستان زندہ باد اور ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے استقبال کیا۔

، فخر پاکستان کے استقبال کیلئے 60 فٹ لمبا اور 20فٹ چوڑا قومی پرچم بھی تیار کیا گیا ،ایئر پورٹ پر ارشدندیم کے اعزازمیں مختصر پروقار تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں قومی ہیرو کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔

قومی ہیروکو وی وی آئی پی پروٹوکول دیاگیا، ایئر پورٹ پر ایلیٹ کی گاڑیاں،ریزور فورسز اورٹریفک پائلٹ سمیت بھاری نفری موجود رہی

،پولیس بینڈ نے خوبصورت دھنیں پیش کیں ۔وی آئی پی لاؤنج میں سب سے پہلے ارشد ندیم کے والد ان سے ملے ،پھولوں کا ہار پہنایااوربیٹے کو گلے سے لگالیا

مداحوں نے باہر نکلتے ہی ارشدندیم کو کندھوں پر اٹھالیا ،ایئرپورٹ پاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونج اٹھا،قومی ہیروپرپھولوں کی بارش کردی گئی ۔

ارشدندیم نے میڈیاسے مختصر گفتگوکی اور کہاکہ میں اللہ کی طرف سے دی گئی عزت پر بہت خوش ہوں ،میں ہمیشہ ملک کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتاتھااور محنت کی ،آئندہ بھی کوشش رہے گی کہ اپنے ملک کا نام روشن کروں گا۔

حکومت کی طرف سے ہرممکن سہولیات دینے اور عوام کی طرف سے دعائیں کئے جانے پر شکر گزار ہوں،پاکستانیوں نے مجھے بہت عزت دی ہے ۔