سیاسی جماعت کے میڈیا ڈویژن سے ملک اور اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کے شواہد مل گئے

سیاسی جماعت کے میڈیا ڈویژن سے ملک اور اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کے شواہد مل گئے

اسلام آباد: ملک کی ایک سیاسی جماعت کے مرکزی میڈیا ڈویژن سے پروپیگنڈے کے ناقابل تردید شواہد سامنے آئے ہیں، جماعت کے رہنماؤں کے غیر ملکی شخصیات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے رابطوں کی قلعی کھول دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، 22 جولائی 2024 کو موصول ہونے والے شواہد نے سیاسی جماعت کے میڈیا ڈویژن کی ریاست اور ملکی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈہ مہم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان شواہد میں سیاسی جماعت کے کارکنوں کے موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ شامل ہے، جو غیر ملکی شخصیات سے روابط کی تصدیق کرتی ہے۔

رؤف حسن اور عالمی جریدے “انٹرسیپٹ” کے صحافی رائن گرِم کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والے رابطے بھی منظر عام پر آئے ہیں۔ رؤف حسن نے رائن گرِم سے جنوری 2024 میں باقاعدہ رابطہ کیا اور انہیں 21 جنوری کو سیاسی جماعت کے ورچوئل کنونشن میں شرکت اور خطاب پر داد دی۔ اس کے علاوہ، رؤف حسن نے رائن گرِم کو رابطے میں رکھنے کی درخواست کی۔

رائن گرِم نے 8 جنوری 2024 کو رؤف حسن سے بانی پی ٹی آئی کے 15 مئی کو لکھے گئے مواد کی تصدیق کی درخواست کی، اور یہ پوچھا کہ آیا یہ مواد رؤف حسن کا تحریر کردہ ہے۔ رؤف حسن نے رائن گرِم کے ساتھ واٹس ایپ کال پر رابطہ کیا تاکہ جواب دیا جا سکے۔

رائن گرِم نے 9 اگست 2023 کو “Secret Pakistan Cable Document – US Pressure to remove Imran Khan” کے عنوان سے ایک مضمون لکھا، اور 16 اگست 2023 کو “Pakistan confirms Secret Diplomatic Cable showing US Pressure to remove Imran Khan” میں سائفر کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈہ کیا۔ اس کے بعد، 18 دسمبر 2023 کو “Secret Pakistan Document undermines espionage case against Imran Khan” کے عنوان سے ایک مضمون شائع کیا، جس میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کیا گیا۔

مزید برآں، رائن گرِم نے 9 فروری 2024 کو “Historic Turnout in Pakistan is swamping the Military’s effort to rig the Election” اور 11 فروری 2024 کو “Pakistan’s Elections latest update – PTI’s Surge” کے ذریعے افواجِ پاکستان اور انتخابات کے نتائج کے بارے میں جھوٹے پروپیگنڈے کا آغاز کیا۔ 26 فروری 2024 کو، رائن گرِم نے “Members of Congress Demand Biden withhold recognition of coalition claiming power in Pakistan” کے ذریعے امریکی صدر سے پاکستانی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

رائن گرِم اور مرتضیٰ حسین نے 27 جون 2024 کو “From Prison, Imran Khan says Top Pakistani General betrayed secret deal to stay out of Politics” کے نام سے ایک مضمون شائع کیا، جس میں مزید پروپیگنڈہ کیا گیا۔

یہ شواہد واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ سیاسی جماعت کا سنٹرل میڈیا ڈویژن منظم انداز میں ریاست مخالف پروپیگنڈہ مہم چلا رہا تھا۔ واٹس ایپ پیغامات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ جماعت کے اراکین ملکی اور غیر ملکی شخصیات سے مسلسل رابطے میں تھے اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔

ملکی اور غیر ملکی بااثر شخصیات سے رابطوں کا مقصد پارٹی ایجنڈے کی تکمیل اور ریاست مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ ان حقائق اور شواہد کی فوری جانچ پڑتال کی جائے اور اس معاملے کی مزید تفتیش کر کے اس کا منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔