اٹک کے قریب دہشت گردوں کی سکول وین پر فائرنگ،دو بچے شہید

راولپنڈی: ماڈل پولیس اسٹیشن صدر اٹک کی حدود میں کالا چٹا پہاڑ کے قریب واقع گاؤں ڈھیری کوٹ میں نامعلوم حملہ آوروں نے اسکول وین پر گولی چلا دی، جس کے نتیجے میں 2 بچےشہید ہوگئے۔

ریسکیو کے ترجمان کے مطابق، فائرنگ سے 5 بچے اور وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔ زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اٹک منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، تمام بچوں کی عمر 10 سے 12 سال کے درمیان ہے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی۔ ڈی پی او اٹک نے فوراً پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں کی ناکہ بندی کر دی اور سرچ آپریشن شروع کروا دیا۔

ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر وین کے ڈرائیور پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو طالبات ہلاک ہوئیں اور ڈرائیور سمیت 6 طالب علم زخمی ہوئے۔ پولیس کی فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تمام جہتوں سے تفتیش کی جائے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مقتولین کے خاندانوں کو انصاف کی فوری فراہمی کی ہدایت بھی کی۔