بلوچستان میں پاک فوج کا آپریشن،21دہشت گرد ہلاک،14 اہلکار شہید

بلوچستان میں پاک فوج کا آپریشن،21دہشت گرد ہلاک،14 اہلکار شہید

راولپنڈی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے

آپریشن کے دوران فورسز کے 14 سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔ گزشتہ رات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے، حملوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی میں 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور آپریشن کے دوران پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر اور 4 لیویز اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا ہے،سکیورٹی فورسز اور صوبائی حکومت قیام امن کیلئے پرعزم ہیں،دہشت گردانہ کارروائیاں صوبے میں امن وامان کی صورت حال خراب اور ترقی کے عمل کو روکنا ہے تاہم سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے ان مذموم مقاصد کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی