چینی بری فوج کے سربراہ کا جی ایچ کیو کا دورہ،آرمی چیف سے ملاقات

چینی بری فوج کے سربراہ کا جی ایچ کیو کا دورہ،آرمی چیف سے ملاقات

راولپنڈی ۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چینی بری فوج کے سربراہ کی ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چینی فوج کے کمانڈر اور جنرل عاصم منیر نے باہمی دلچسپی کے موضوعات، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیتے ہوئے، دونوں ممالک کے مابین جاری دوطرفہ فوجی تعاون کو پائیدار بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔

دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو دل سے قدر کرتا ہے۔

قبل ازیں، جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر دیا۔