دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ جو ہماری افواج کے پاس بھی نہیں،فیصل کریم کنڈی

دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ جو ہماری افواج کے پاس بھی نہیں،فیصل کریم کنڈی

لاہور۔ خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس ایسا جدید اسلحہ ہے جو ہماری افواج کے پاس بھی نہیں ہے، جب نیٹو فورسز یہاں سے جا رہی تھیں تو انہوں نے کہا کہ وہ سب کچھ ساتھ نہیں لے جا سکتیں یا سب کچھ ختم نہیں کر سکتیں۔

جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امن کی تلاش میں ہیں۔ جہاں میں بیٹھا ہوں، اگر وہاں ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ جائے تو ملک میں امن قائم ہوگا۔ 18ویں ترمیم کے بعد یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں امن قائم کریں اور وفاق ان کی مدد کرے گا۔

گورنر نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ ایک مخصوص دوا استعمال نہ کریں اور مریض کو ایسی حالت میں چھوڑ دیں تو یہ ممکن نہیں ہے۔ ماضی میں غلط فیصلہ کیا گیا؛ افغانستان سے فوج یہاں لائی گئی تھی اور یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ ہتھیار نہیں اٹھائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارہ چنار میں 50 سے زائد افراد شہید ہوئے۔ ہمارے ملک میں جب کوئی سانحہ ہوتا ہے تو اسے شیعہ سنی معاملہ کہہ کر محض اس پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے، حالانکہ اصل میں زمینوں اور جائیدادوں پر لڑائیاں ہوتی ہیں، پھر جرگے ہوتے ہیں۔

جب خبر اسلام آباد اور لاہور پہنچتی ہے تو وہ کچھ اور ہی ہوتی ہے، جبکہ اصل لڑائی زمین کی ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیٹو فورسز نے کہا تھا کہ وہ سب کچھ ساتھ نہیں لے جا سکتیں یا مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتیں؛ لوگوں کے پاس جدید اسلحہ موجود ہے جو ہماری افواج کے پاس بھی نہیں ہے۔