عمران خان کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں درخواست دائر

عمران خان کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں درخواست دائر

لندن: برطانیہ کی مشہور آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے انتخاب سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔

پٹیشن دائر کرنے والے خرم بٹ کا کہنا ہے کہ عمران خان آکسفورڈ جیسی نامور یونیورسٹی کے چانسلر بننے کے لیے موزوں نہیں ہیں کیونکہ وہ مالی بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

ان پر توشہ خانہ کیس میں بدعنوانی کی وجہ سے سزا بھی سنائی جاچکی ہے۔ خرم بٹ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے دفتر میں بدعنوانی کے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں، اور القادر ٹرسٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کی تفصیلات بھی یونیورسٹی حکام کو پہنچا دی ہیں۔

ان ناقابل تردید شواہد کے پیش نظر یہ امکان کم ہے کہ عمران خان کو چانسلر کے عہدے کے لیے انتخاب میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔ ذرائع کے مطابق، عمران خان کی چانسلر کے انتخاب کے لیے نامزدگی کے خلاف دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے کچھ پہلو پریشان کن ہیں جن پر غور کرنا ضروری ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ایسے خیالات کا اظہار کیا اور ایسے اقدامات کیے ہیں جو انتہا پسند عناصر سے ہم آہنگ ہیں۔ پٹیشن میں یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان نے پہلے طالبان کو پاکستان میں دفتر قائم کرنے کی اجازت دینے کی تجویز پیش کی تھی، جس پر شدید ردعمل آیا تھا۔ سابق وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کی بھی حمایت کی اور قومی اسمبلی میں اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا تھا۔

اسی طرح عمران خان نے متعدد ایسے بیانات دیے ہیں جن سے خواتین دشمنی کا تاثر ملتا ہے، اور ان بیانات پر شدید تنقید ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں، عمران خان کے حامیوں نے ان کے ناقدین کو آن لائن ہراساں کرنے اور حملوں میں ملوث ہونے کا عمل بھی جاری رکھا ہے۔