تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کئے جائیں،یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی قیادت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کسی ایک لیڈر سے ہو سکتے ہیں، مگر پاکستان سے نہیں۔ اسلام آباد میں ایک تقریب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر وزیراعظم کوئی فیصلہ کریں گے تو نیشنل سیکیورٹی اور قومی امور پر ان کی حمایت کریں گے۔ ملک کی سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے تمام جماعتوں کو ایک نقطے پر متحد ہو کر اختلافات بھلا دینے ہوں گے۔

یوسف گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے، ہم نے اپوزیشن میں نواز شریف سے بات چیت کی اور چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، جنہیں فیصلے کرنے چاہیے اور آگے بڑھنا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، پاکستان کی موجودگی سے ہی آپ کی عزت ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے پرانی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک زیرک سیاستدان ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ مل کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، اور اگر پاکستان پر کسی قسم کا حملہ ہوا تو قوم متحد ہو کر جواب دے گی۔