مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کی باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے ہماری اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، جو عموماً اسمبلی امور اور اپوزیشن کے پارلیمانی معاملات پر ہوتی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کسی ملاقات میں اسپیکر سے مذاکرات کی بات نہیں کی اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔ پی ٹی آئی کے کسی رکن یا وفد نے اسپیکر کے ساتھ کبھی حکومت سے مذاکرات کی تجویز پیش نہیں کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پارٹی نے اسپیکر کو مذاکرات کے لیے دوبارہ بلانے کی پیشکش بھی نہیں کی، اور ہم حکومت سے براہ راست مذاکرات نہ کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہیں۔