آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دے دی

قرض منظوری کا اہم وقت، IMF نے پاکستان میں نیا نمائندہ لگا دیا

اسلام آباد: قرض کی منظوری کے حوالے سے اہم لمحے پر آئی ایم ایف نے ماہر بینیسی کو پاکستان میں نیا کنٹری ہیڈ مقرر کر دیا ہے، اس وقت جب پاکستانی حکومت ستمبر کے آخری ہفتے میں 7 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کر رہی ہے۔ اس دوران عالمی مالیاتی ادارے کے مقاصد پر شکوک و شبہات گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ پچھلے دو پروگراموں کے دوران آئی ایم ایف نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کے بارے میں غلط مفروضے قائم کیے، جنہیں درست کرنے کے لیے پاکستان کو نئے ایکسٹرنل قرضوں کی طرف مجبور کیا، جس پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت کئی افراد نے عالمی ادارے کے مقاصد پر سوالات اٹھائے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مس ایستھر پیریز کی جگہ مسٹر ماہر بیسینی کو تعینات کیا گیا ہے۔ بیسینی ترک شہری ہیں۔ آیا ایستھر پیریز کی مدت کے اختتام پر مسٹر بیسینی کو مقرر کیا گیا، اس بارے میں آئی ایم ایف کے ترجمان نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ آئی ایم ایف کے پچھلے دو کنٹری ہیڈز کا تعلق سپین سے تھا، اور وہ سپین میں وزارت خزانہ میں خدمات انجام دے چکے تھے۔

نئے کنٹری ہیڈ، مسٹر بیسینی، ترکی کے سنٹرل بینک میں کام کر چکے ہیں اور انہیں میکرو اکنامک پالیسیوں اور ابھرتی ہوئی مارکیٹس پر توجہ مرکوز فنانشل سیکٹر میں مہارت حاصل ہے۔ مسٹر بیسینی کا بڑا چیلنج یہ ہوگا کہ 7 ارب ڈالر کی ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کو کامیابی کے ساتھ نافذ کریں، کیونکہ اس پر ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پہلے ہی خطرات موجود ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا تھا کہ ستمبر کے پہلے نصف میں اس قرض کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم ایک سینئر حکومتی افسر نے بتایا کہ ہم ستمبر کے چوتھے ہفتے میں آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے اگست میں پاکستان کو فہرست سے نکال دیا تھا جب پاکستان 12 ارب ڈالر کے کیش ڈپازٹ کو رول اوور کرنے اور 2 ارب ڈالر کا نیا انتظام کرنے میں ناکام رہا تھا۔